" اِک پرِ ِخیال"
" تحسین و آفرین"
فضائی سفر بھی کیا کیا خیال سُجھا دیتا ہے ۔ میں حالتِ سفر میں ہوں جہاز کی کھڑکی سے صبح کاذب کو صبح صادق میں بدلتے دیکھ رہی ہوں ،،، یہ حکمِ ربیّ کا کیا ہی عجیب نظارہ ہے کہ زندگی کی ہر صبح اسے دیکھے ،، چاہے وہ شہر ہو ، پہاڑ ہو ، صحرا ہو یا ویرانہ !!
ہر بار ہی نیا لگتا ہے ۔اور انسان ہلکا پھُلکا ہو کر دن کی مشقت کے لیے تازہ دم ہو جاتا ہے ۔
سورج طلوع ہونے کا بتدریج بدلتا نظارہ ،،، دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے واہگہ بارڈر پر پاکستان کا جھنڈا اُتارے جانے کی خاص تقریب ہوتی ہے ،، محافظ سپاہیوں کی جُدا جُدا وردیاں ، منفرد قد و قامت ،، مختلف اندازِ سلامی ،، رعب ڈالتی آوازیں ،،، یہ سب کچھ مل کر اس تقریب کو دیکھنے والےکوچارج کر دیتے ہیں اور دل کی دھڑکنیں تیز اور زبانیں ایک خاص نعرۂ دلبرانہ کہنے پر بے اختیار ہو جاتی ہیں ،،، اور دیکھنے والے بار ہا آنے کے باوجود بھی جھوم جھوم جاتے ہیں ،،،
اور طُلوعِ آفتاب تو خالقِ حقیقی کی تخلیق میں وہ مسحور کن نظارہ ہےکہ جب دیکھو تو ہر بار یوں لگتا ہے جیسے پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ جب سے دنیا تخلیق ہوئی ہے صبح کاذب ، صبح صادق میں مدغم ہونے کا نظارہ ،، انسان کو نیا سُرور دیتا آ رہا ہے ۔ اس نظارے کے مخصوص رنگ ،،، تماش بین آنکھ پر ہر دفعہ نیا سُرور طاری کر دیتے ہیں ۔۔۔۔
رات کی سیاہی کے پردے کا سلیٹی رنگ میں بدلنا ،،، سلیٹی کا سرمئی میں بدلنا ،، یکدم ایک پیلی لکیر کا نمودار ہونا اور یہی پیلی لکیر ، زرد رنگ میں بدلتی نظر آتی ہے ،،، اور پھر یہی زرد رنگ تیز پیلے میں بدل کر " آسمانی "رنگ کے پس منظر کے ساتھ ،،، وہ اس ظلِ الہیٰ کی آمد کا اعلان کرتا ہے ۔۔جس نے بارہ گھنٹوں کی ڈیوٹی سنبھالنی ہے،،، اور یوں انسانی آنکھ کی پُتلی اس عجب مسحور کن لمحے کا نظارہ کر لیتی ہے ،، جس کو دنیا بنانے والے نے اپنا چراغ کہا ہے ۔
رنگوں کے امتزاج کا یہ نظارہ دیکھ کر زندگی وُضو کرتی محسوس ہوتی ہے ۔ اور یہ جملہ بہت وضاحت کر گیا ۔
" زندگی تو بہت خوبصورت ہے ، ، لیکن افسوس ایک بار ہی ہے "
اسی نظارے پر جوش ملیح آبادی جیسے عیش سے زندگی گزارنے والے شاعر نے بے اختیار کہا ،،،
جسے اللہ کے نہ ہونے کی ضد ہے ، وہ طلوع آفتاب کو دیکھ لے "
( منیرہ قریشی 16 مئی 2022ء دورانِ سفر مانچسٹر )
( میرے علم کے مطابق ، طلوع آفتاب کے وقت سرخ رنگ کا کوئی شیڈ نہیں ہوتا ۔۔۔۔لیکن غروب کے وقت یہ سرخ رنگ حاوی ہوتا ہے ،، اللہ کی شان )
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں