بدھ، 10 اپریل، 2024

" بس اک خیمے کا سوال ہے " ( فلسطینی بیٹی کے لئے )

" بس اک خیمے کا سوال ہے " ( فلسطینی بیٹی کے لئے )

" بیٹی ! تمہیں کیا چائیے ؟
کھانا چائیے ؟ یا کھلونا ؟
نہ کھانا ، نہ کھلونا ،،،،،!
مجھے بس اِک خیمہ چاہیئے !
جانے میں کتنے دنوں سے نہیں سوئی !
کھلے آسماں تلے اندھیرا ڈراتا ہے
بموں کی سیٹیاں سونے نہیں دیتیں
بے خواب آنکھیں اب نیند بھول گئی ہیں !!
مجھے صرف اک خیمہ چاہئیے ،
جو مجھے باہنوں میں لے لے گا ،،،
گود میں سلائے گا ،،
سہانے خواب دکھائے گا
مجھے کھانا اور کھلونے دلائے گا
خیمہ ،اوجھل کر دے گا
سبھی ویرانیاں
ٹوٹے گھر ، اور بین ڈالتی عورتیں
مجھے کھلونے نہیں چاہئیں
میں کس کے ساتھ کھیلوں گی؟
سب بچے جانے کہاں کھو گئے ہیں؟
یا ، سب ہی بڑے ہو گئے ہیں !
میں نیند ڈھونڈنے نکلی ہوں
میرا ریشہ ریشہ نیند مانگتا ہے
روم روم میٹھی نیند چاہتا یے
کیا، آپ نیند بھی بانٹ رہے ہیں ؟
جناب ، بس اک خیمے کا سوال ہے !!

( منیرہ قریشی 10 اپریل ، یوم عید الفطر ) 

منگل، 9 اپریل، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں "(14)



" جنگل کچھ کہتے ہیں "(14)
اگر انسانی تاریخ میں انسانوں کی ہجرت کا مطالعہ کیا جائے تو ، تو جنگل اس ہجرت میں انسانوں کے ساتھی بن کر ساتھ دیتے رہے ہیں ، بلکہ جب کبھی کسی برگزیدہ ہستی نے اللہ کے حکم سے کسی ویرانے میں ڈیرہ ڈالا ، تو کسی درخت کے نیچے ٹھکانہ پکڑا ،،، اور لوگ نیکی اور سکون کی تلاش میں آتے چلے گئے ،، اور کارواں بنتا چلا گیا والا حساب ہونے لگتا ۔
راجہ سدھارتھ جِسے لوگوں نے مہاتما بدھ کا خطاب دے دیا ،600 سال قبلِ مسیح پیدا ہوا ،،، شاہی خاندان کا پروردہ ، نیپال جیسے سر سبز لیکن ایک چھوٹے سے ملک کا مالک ، اصل خوشی ،، آگاہی اور اول و آخر کی تلاش میں دنیا تیاگ دی ۔ تو کسی ویرانے میں وہ خوش قسمت درخت انجیر کا تھا جس کے نیچے بیٹھا،، جس کی چھاؤں نے اور محبت بھری شعاعوں نے راجہ سدھارتھ کو مہاتما بُدھ بنا دیا ۔۔ کہ " صفائے باطن اور محبتِ خَلق " ہی زندگی کا محاصل سمجھا دیا گیا ۔ اُسی کی تعلیمات کو لے کر اس کے شاگرد دنیا کے کونے کونے میں پھیل گئے اور ،، ایک زمانہ گزرا کہ دنیا کا سب سے بڑا مذہب بُدھ قرار پایا ،، اس کے ماننے والوں میں ان کی نمایاں صفت " عاجزی" سمجھی جاتی ہے ، جسے مختلف خطہء ارض کے انسانوں نے اپنے اپنے انداز میں جذب کیا ،،،
"مہاتما بُدھ"کی تعلیمات سے متاثر ایک (hwanung ) ہیوانگ نام کا شخص کوریا کی سر زمین پہنچا اور کہا جاتا ہے کہ اس نے ایک غیر آباد جگہ "صندل " کے درخت کے نیچے بسیرا کیا ۔ اور وہیں ایک عبادت گاہ بنائی ،،، اور جب کچھ مزید لوگ وہیں آ کر آباد ہونے لگے تو اُس نے اس نئے شہر کو
"سنسی "SINSI" کا نام دیا یعنی " خدا کا شہر " ،،، گویا ہم دیکھتے ہیں کہ اللہ نے اپنے تصور کو درخت سے جوڑے رکھا ،،، اور اپنے جلیل القدر نبی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اپنا جلوہ ،،، سر سبز درخت کی صورت میں دکھایا جو ایک شعلہ نما روشنی میں ڈوبا ہوا تھا ۔ آہ میرا رب کتنا حیران کن ہے کہ کہیں نہیں سما سکتا ، سوائے مومن کے دل میں ۔۔ وہ خود جمال ہے تو اس نے جمیل چیزوں سے اپنے بندوں کے لئے کائنات کو حسین ترین چیزوں سے سجا دیا ،،، اور اس فہرست میں آسمان سورج چاند تارے تو ہیں ہی ،،، زمین کے تارے درخت بنا دئیے ،، جو دلوں اور مزاجوں کو ٹھنڈک سے مالا مال کرتے رہے اور کرتے چلے جا رہے ہیں ،،، سراپا محبت وہ خود ،، اور سراپا محبت اس کی کائنات ! تشکر ، تشکر ، تشکر !! اے کُن فیکون کے مالک !!
اسی لئے تو میں سمجھتی ہوں درخت شاہد ہوتے ہیں ،،، الہام کے ، الہامی لمحات کے ،،، ہر خیر و شَر کی مجالس کے جو ان کے نیچے منعقد کی جاتی ہیں ۔ ، ہر عہد اور بد عہدی کے ۔۔۔ اور جب وہ سُن سکتے ہیں ، تو کبھی خالق نے زبان دے ڈالی تو بول بھی پڑیں گے ۔ ۔ پھر رازوں اور گواہیوں کا وہ دروازہ کھل سکتا ہے ،،، جو قیامت سے پہلے قیامت برپا ہونے کا سماں ہو سکتا ہے ۔ لیکن کائنات کی سب سے ذہین ترین مخلوق" انسان " سب کچھ سمجھتے ہوئے بھی ،،، سمجھنا نہیں چاہتا ۔ کہ اپنی ذلت کے سامان کا ابھی سے کچھ احوال درست کر لوں ۔

( منیرہ قریشی 9 اپریل 2024ء واہ کینٹ) 

اتوار، 7 اپریل، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں"( رپور تاژ13 )

" جنگل کچھ کہتے ہیں"( رپور تاژ13)
" انسانی فطرت کو خالق نے اپنی فطرت کے رنگ دے کر بھیجا ہے ۔ لیکن جب یہ بتا دیا گیا ،، کہ منفی طاقتوں کا بھی سامنا کرنا ہے ۔ اب یہ اور بات کہ تم دنیا میں منفی طاقتوں کو پانچ فیصد دیکھو گے ، لیکن کامیابی کی سطح ان طاقتوں کی زیادہ ، جبکہ مثبت سوچ والے پچانوے فیصد ہو کر بھی بے بسی ، یا کم علمی کی دلدل میں پھنسے ہوں گے ،،،"
یہ سارے اندازے ایک ادبی محفل کے ایک ذہین شخص کی طرف سے تھے ۔ اور ،، میں ذہنی طور پر اُس جگہ پہنچ چکی تھی ۔۔۔ جہاں منفی طاقتوں کا شکار بے بس و مظلوم بے گناہ روحیں صرف ایک ہی پکار کر رہی ہیں ،، " انصاف دو ، انصاف چاہیے انصاف ! ہماری روحوں کو کب سکون ملے گا ؟؟
،،ریمز بوٹم ،( Rams Bottom)پہاڑی ( ایک برطانوی قصبہ )کی چوٹی پر ایک اونچا ٹاور بنا ہوا ہے۔ اور اُس چوٹی سے لے کر میل بھر کے دائرے میں کوئی درخت نہ تھا ،، البتہ زمین کے قریب آتے آتے درختوں کا گھنّا دائرہ تھا ،،، جس کے بعد ہی زمینی سطح تک اِکا دُکا خوبصورت گھر تھے ۔ بتایا گیا ، کہ یہ وہ ٹاور ہے جہاں ،، اُن خواتین و حضرات کو جادوگری کے الزام کے بعد زندہ جلایا جاتا تھا ،، جن پر یہ الزام ثابت ہو جاتا تھا ،،، اور اوپر کے سبھی درخت کاٹ دئیے گئے ، تاکہ دور نیچے کھڑے لوگ یہ کربناک ، دل دوز سزا دیکھیں ۔ اور آج کئی عشروں کے بعد بھی اس چوٹی پر کوئی گھاس تک نہیں اُگتی ،،، جانے کیوں !!
پہاڑی کے گھیراؤ کے گھنے درخت ہمارے گروپ کو دیکھ کر ٹھٹھک سے گئے ۔ اُن دیہاتی خواتین کی طرح ، جو شہری خواتین کو دیکھ کر ایک دوسرے کے پیچھے چھپتی ہیں ،، کچھ منٹوں کے بعد وہ مطمئن ہو گئے تو اس کے بعد جیسے سبھی درختوں نے بیک وقت بولنا شروع کر دیا ۔
" تم کون ہو؟ کہاں سے آئی ہو ؟ جلدی چلی جاؤ یہاں سے ،،، تمہیں بتایا نہیں گیا ، یہ پہاڑی آسیب زدہ ہے ۔ اس پر بنے مینار کو دیکھا ہے ، جہاں بےگناہ عورتوں سے ذاتی دشمنیاں نکالی جاتیں تاکہ انھیں عبرت کا نشان بنا دیا جائے ، جھوٹی گواہیاں اکٹھی کی جاتیں ۔ اور انہی میں کوئی جوان اور کچھ عمر رسیدہ عورتوں کو جس دن جلایا جاتا تو ہمارے اِس ذخیرے سے پرے لوگ یوں کھڑے ہو جاتے جیسے دلچسپ سٹیج ڈرامہ دکھایا جائے گا ،،، آہ ! انسان انسانیت کے درجے سے کتنا گِر جاتے تھے ،، سزا دینے والے بھی اور دیکھنے والے بھی ،،،اِن دلخراش مناظرکے کرب کو اگر کوئی محسوس کر رہا ہوتا تو یہی ہم درخت ہوتے ،،، آہ ہمارے سینے چھلنی ہو جاتے ،، بےگناہوں کی چیخوں سے زمین کانپ رہی ہوتی ،،،اور ہم لرز رہے ہوتے تھے ۔۔۔ مزید گناہ یہ کہ کئی دفعہ ان بےگناہوں کے بچوں کو بھی جلایا جاتا !! چلو سزا دینی تھی تو ، یکدم گلوٹین کر دیتے ، یا پھانسی چڑھا دیتے ،، ایسے تڑپا ترُپا کر مارنا ؟؟؟ اور پھر لوگوں کے سامنے ان انسانوں کا تماشا لگایا جانا ،، جن پر لگے الزام مکمل سچائی پر مبنی بھی نہ ہوتے،،، یہ سب وہ نا انصافیاں تھیں کہ آج تک سرِ شام ، اُن سب بےگناہ روحوں کی چیخوں سے یہ علاقہ بین کرنے لگتا ہے ،، وہ روحیں ، آج بھی انصاف مانگتی ہیں ۔ وہ اپنا بدلہ لینے کے لئے چیختی چِلاتی چوٹی سے اترتی ہیں تو ہماری شاخیں انھیں اپنی باہنوں میں سمیٹ لیتی ہیں ، تسلی دیتی ہیں ،، وہ اُن ظالم انسانوں کی نسلوں سے انتقام لینا چاہتی ہیں ، پہاڑی کے دامن میں رہائش پذیرچاہے کسی بھی خاندان سے ہوں ،،، ہم انھیں ،، اپنے سر سبز پؔروں کی چھاؤں تلے گلے لگا لیتے ہیں ۔ اُن کی سسکیاں ، اُن کا دکھ ، از سرِ نو روز سنتے ہیں !! جانے 700 سال سے یا 900 سال سے ؟ لیکن اُن پر لگے جھوٹے الزام ،، اور اگر یہ الزام ایک فیصد بھی درست تھے تب بھی کسی کو یہ حق نہیں تھا کہ اتنی ایذا رسانی دی جائے "۔
بوڑھے بزرگ درخت جس کی شاخیں اب مزید جڑوں کے ساتھ زمین میں پیوست تھیں ، اس نے پہلی دفعہ ہمیں اہمیت دی " کتنی عجیب بات ہے کہ جرمنی ، برطانیہ ، بیلجیئم ، اور فرانس اور چند دوسرے ممالک میں جادو گری کے الزام میں جلائے جانے والوں میں 86 فیصد عورتیں تھیں ۔۔ اور بہ مشکل 14 فی صد مرد ۔۔۔؟ حیرت صد حیرت ! مرد ہی منصف ہوتے اور اپنی صنف کو بچا لے جاتے ،،، اور عورت، جو جسمانی طور پر کمزور ، بچوں اور خاندان کی محبت میں غرق ،،، قابلِ گردن زدنی ؟؟ حالانکہ خالق کائنات نے تو عورت اور مرد کو ذہنی فہم و فراست دینے میں کوئی کمی تو نہیں کی ۔ عورت رشوت خور ، فرعون صفت مردار گِدھوں کے سامنے چارہ بننے کو تیار نہ ہوتی تو اسے جادو گرنی قرار دے کر عبرت کا نشان بنا دیا جاتا ۔ اُنہی روحوں کی بےگناہی اور منصفوں کی نا انصافیوں کے سبب اس پہاڑی پر سبزے نے اُگنے سے انکار کر دیا ۔ اب ہم ہی اُن آگ میں تپتی روحوں کو ٹھنڈک پہنچاتے ہیں ۔"
بہت جرات کر کے پہاڑی کی چوٹی پر بنے مینار کی طرف چند قدم بڑھائے لیکن ، مینار کے در و دیوار نے اپنی پیشانی سے پشیمانی اور دکھ کے قطرے آنسوؤں کی صورت گرائے ، اور ہمارے قدم رُک گئے ۔
جہاں دیدہ بزرگ درخت نے کہا " دیکھا ، کہا تھا نا ،، اُس طرف نہ جانا ،، جہاں بے انصافی کے قتل ہوئے ہوں ، وہاں کا ذرہ ذرہ ، اُس نا انصافی کا گواہ بن جاتا ہے ،، اور ایسی جگہ انسانوں کو خوش آمدید نہیں کہا جاسکتا "
واپسی کے سفر میں سبھی خاموش تھے ۔۔ اُن سینکڑوں سال پہلے کئے گئے ظالمانہ قتل کے برعکس ،، آج کے دور کی عورت کی آسودگی محسوس ہی نہیں ہو رہی تھی ،، بزرگ درخت کی بات دل میں کھُب گئی تھی ، قربانی اور ناجائز الزمات لگا کر عورت ہی کو نشانہ بنایا جاتا رہا ۔کیوں ؟؟ کبھی "اِنکا تہذیب" میں عورت کو سنوار کر مدہوشی میں زندہ ہی کسی غار میں دفن کر دیا جانا ،،، کبھی دریائے نیل کو خوش کرنے کے لئے "عورت " کو پیش کیا جاتا رہا۔ حتٰی کہ یونانی خود کو بہت ترقی یافتہ تہذیب گردانتے تھے ۔ لیکن کسی جگہ اگر قربانی دینی ہے تو 'عورت ' اور پھر یہ کوشش بھی کہ وہ جوان ہو اورخوبصورت بھی !!۔۔اور وہ اپنی گلابی جوانی کے سنہرے دنوں سمیت اگلی دنیا میں میں داخل ہو جاتی ۔ اور ہمیشہ کے لئے انصاف کی منتظر ، یومِ محشر کا انتظار کرتی رہتی ،
ایسی جگہوں سے آکر ،،دل کی اداسی تو بجا ہی ہے ،،، لیکن آج کی دنیا کی چکا چوند، روشن قمقموں ، اور نیون سائن سے سجے بڑے بڑے بِل بورڈ ،،، چڑیوں کی طرح چہکتی آزاد خواتین کو دیکھ کر اِک گونا اطمینان ہوا ،، کم از کم آج صورتِ حال بدل چکی ہے ۔ یہ اور بات کہ دماغ نے فوری سوال کیا ،،
اچھا !! کیسے ؟ دیکھا جائے تو عورت کل سب کے سامنے الزام لگا کر سزاوار تھی ،،، آج اندرون گھر ،، سنگ باری کی جاتی ہے ۔ گویا بباطن روز مرتی اور روز جیتی ہے ۔۔ دنیا میں اس سنگ باری کا تناسب آج بھی وہی کہ عورت 86 فیصد اور مرد 14 فی صد کی ٹرافی سنبھالے بیٹھا ہے ۔
(منیرہ قریشی 8 اپریل 2024ء واہ کینٹ )

ریمز بوٹم کی پہاڑی اور اس پر بنا مینار۔ اور اس کے دامن کے درخت ۔۔۔جو انسانوں کی انسانیت سوزی کا گواہ ہے۔


 

جمعہ، 5 اپریل، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ ۔12)


" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ ۔12)
سینکڑوں برس بوڑھے ملائیشین درختوں نے چپکے سے کہا ،،،
" تمہاری سراہتی نظروں کا شکریہ ، لیکن اب ہم کسی تعریف ، توصیف ، یا تبصرے سے ماوراء ہو چکے ہیں ۔ ہمیں سراہنے والوں کا بھی شکریہ ،، اور نظر انداز کرنے والوں کا بھی شکریہ ،،،، کیوں کہ وقت وہ بُردباری دے جاتا ہے کی نفرت اور محبت کے رویوں کے اثرات ,لینا دینا بے معنی ہو جاتے ہیں ۔ شاید فنا فی اللہ کی منزل کے قُرب کا ادراک ہو جاتا ہے ،،، یہ احساس کتنا لطیف کئے دیتا ہے ، تم کیا جانو ، تم کیا جانو !!!!"
تبھی مجھے انہی کے خدوخال ، خوب گھنے سائے دار ، خوب موٹے تنوں کے عمر رسیدہ درختوں کا بہت چھوٹا سا خاندان یاد آگیا ،،، جو سوات ریسٹ ہاؤس کے عقبی اور اس کے شمالی جانب پھیلا ہوا تھا ۔ سوات کے دل نشیں نظاروں نے طبیعت میں کمال نغمگی سی بھر دی تھی ،، ریسٹ ہاؤس میں کچھ دیر ٹھہرنے کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ لیکن اس قیام نے طبیعت کی بشاشت کو یکدم معدوم کر دیا ۔ اور چند گھنٹے میں اُس کے کمروں نے تاریخ
کے چند اہم صفحات کو جلدی جلدی پڑھ ڈالا ۔۔۔ کسی دوسرے گروپ ساتھی کو کیا بتاتی ،، یہ کیا سُن رہی ہوں ۔۔ دل کی اس کیفیت کو بہلانے کے لئے ،، اسکے عقبی لان کی طرف نکل گئی ،،، جہاں وہی عمر رسیدہ خاندان تفکر اور گیان میں ڈوبا کھڑا تھا جو مجھے اپنی طرف متوجہ کر ہی لیتا ہے ۔ اپنی حساسیت کے سبب فوری، معلوم ہوگیا ،اداسی کا یہاں گھنّا بسیرا ہے ۔۔۔ لیکن اب آنا ہوا تو ٹھہرنا ضروری تھا ۔ تب اُن کے "گُرو " نے خوبصورت غلافی آنکھیں چَھپکیں !! " یہاں کیوں آئیں ،؟ ہماری اداسی کا تخمینہ لگانے ؟؟ ہمارے ٹھنڈے ، میٹھے سائیوں تلے ،،، تمہارے بد مست بھینسوں جیسے ناپاک لوگوں نے ، اپنے ضمیر یہیں دریائے سوات میں ڈبو دئیے تھے ۔ اور وطن کے پاک لوگوں کی تقدیر خریدنے، بیچنے کے سودے کے بعد ،،، پاک لوگوں میں جا کر معزز بن بیٹھے ،، تمہیں کیوں یاد نہیں رہتا کہ تمہیں بار بار ڈستے لوگ ،،، ایسی پُر بہار جنتوں میں آکر شیطانی کھیل کھیلتے ہیں ،،، اور ہم یہ گھناؤنا کھیل دیکھتے ہیں ،،، اور ہم ہی ان کے جرائم کے گواہ بھی ہیں ۔ ہم درخت ساکت و ساکن سہی ،، لیکن ہمارا پتہّ پتہّ اس کے سائے تلے ہونے والے مکالموں اور معاہدوں کی تصویر کشی کر رہا ہوتا ہے ، ریکارڈ جمع ہو رہا ہوتا ہے،، یہ سارے بوجھ ہم اپنے سینوں پر لادے کس کرب سے گزرتے ہیں ،،، تم کیا جانو ، تم کیا جانو !!!""
اگر انسان لمحے بھر کو بھی سوچتا ۔۔ کہ یہ جو میں غلاظت بھرا کردار کر رہا ہوں ،،،تو کتنے عرصے کے لئے ؟؟ دائمی زندگی میں کیا پیش کرو گے ، ان کرتوتوں کا کیا جواز دو گے ؟؟؟
جب بھی دل اکلاپے کا شکار ہونے لگتا ، فینس کے باہر کا "چھدرا جنگل" پناہ گاہ کا احساس دیتا ،، کچھ باتیں کچھ یادیں بانٹیں جاتیں ۔ اور جیسے ہم دو ہم نوا ،،، شانت ہو جاتے ۔
سوات کے عمر رسیدہ درخت کی یاد نے اور اس کی باتوں نے دل پر عجب بوجھ ڈال دیا تھا ،،، اس کے برعکس انسانی تاریخ نے تو کسی خطے کو آباد کرنے کا جب بھی سوچا تو مثبت سوچا ! اس کے پیشِ نظر یہ تین اہم عوامل مدِ نظر رہے ۔، تاکہ وہ اس کی زندگی ، بندگی ، نغمگی ، سے معمور طعام و قیامِ دنیا کے لئے آسانی فراہم کرتا رہے ۔
اول ، پانی کا کنارہ ہو
دوم، درختوں کی آبیاری بہ آسانی ہو سکے
سوم ، کسی برگزیدہ ہستی کا قیام ہو ، یا ، ہو چکا ہو
اور یہاں سوات کے یہ سر سبز درخت تھے ہی دریائے سوات کے نیلے اور سبز پانی کنارے ۔۔۔ انسانی آبادی کے لئے عین جنت ، ارد گرد پھلوں کے درختوں نے اپنا کام الگ دیانت داری سے سنبھال رکھا تھا ،، اور ہے ! مگر
؎ دل و نظر بھی اِسی آب و گُل کے ہیں اعجاز
نہیں ، تو حضرتِ انساں کی انتہا کیا ہے ؟ (علامہ اقبال ر ح )
( منیرہ قریشی ، 6 اپریل 2024ء واہ کینٹ )

سلطان صلاح الدین عبدالعزیز شاہ مسجد۔( شاہ عالم ملائیشیا ) 


جمعرات، 4 اپریل، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ۔ 11)






" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ۔ 11)
کافی دن گزر چکے تھے ، کہ فینس کے جنگل سے ملنا ملانا ہی نہ ہو سکا ۔ لندن کے شاپنگ مال کے چھت کے درختوں کی اداسی بار بار مغموم کر رہی تھی ،، یہی غم بانٹنے کے لئے آج فینس کے باہر ، اُگے اس آزاد فضا کے لہلہاتے درختوں سے السلامُ علیکم کہا " تو وہ جیسے کھِل اُٹھے ۔۔ اُن کی مسکراتی آنکھوں نے واضح پیغام دیا ،،، " کیوں بھئی کہاں ؟ ،،، اتنا تو پتہ تھا یہیں کہیں سیر ہو رہی ہے ،،، لیکن یہ چند دن کی غیر حاضری ہمیں اچھی نہیں لگی !! " ان کا مجھے اتنی اہمیت دینا بہت اچھا لگا ۔۔۔وہ گاؤں کے سادہ اور خالص لوگوں کی طرح کے جذبات کا اظہار کرتا جنگل تھا ۔۔ کیوں کہ اسے کسی مصنوعی پن سے سابقہ نہیں پڑا تھا ۔ اور جب میں نے اسے بتایا کہ چھت پر اُگائے گئے درختوں کی جڑیں ، کتنے آپریشنز کے بعد چھوٹی قد میں رہنے کے قابل بنا دی جاتی ہیں ۔۔یہ سُن کر اِن سب چھوٹے بڑے درختوں نے جھرجُھری لی ،، اپنے اوپر اٹکے شبنم کے قطروں سے مجھے بھگو دیا ۔ " ہاں ہم ، اُن کے غم کو محسوس کر سکتے ہیں " ،،، یہ کہہ کر جنگل یکدم خاموش ہو گیا ،، جیسے اشارہ دے دیا ، کہ اب تم جاؤ ہم آپس میں اُن درختوں کے غم بانٹیں گے ۔
میرے لئے بھی اُن پابندِ سلاسل درختوں کو بھولنا ممکن نہیں ہو رہا تھا ۔۔۔ شام کے نیم اندھیرے میں پچھلے برآمدے میں تا دیر بیٹھی اِس مخلص جنگل کو دیکھتی رہی جو اپنے ہم نفسوں کے غم میں ابھی تک خاموش تھا ۔،،، آج لومڑیوں کا کچھ کھانا فینس کے اندر لان میں ہی رکھ دیاتھا ، کہ یکدم لان کی کچھ جھاڑیوں مٰیں حرکت محسوس ہوئی اور واقعی ایک خوب گُچھے دار دُم والی لومڑی نہایت محتاط انداز سے کھانے کی طرف آئی ، اور وہیں کھڑے کھڑے کھانے لگی ۔۔۔ فطرت کے ساتھ جنگلی حیات کی موجودگی کس قدر پُر سکون نظارہ ہوتا ہے ،، کہ اُس دن کی اداسی جیسے ہَوا ہو گئی ۔ ۔ یوں لگا جیسے لان سے باہر اُگے ان درختوں نے مجھے خوش کرنے کے لئے اِس لومڑی کے حساس نتھنوں تک کھانے کی خوشبو پہنچانے کی ہوا کے کسی جھونکے کو درخواست کی ہو گی ،،، اور یوں سامنے کے منظر نے میرے مضمحل اعصاب کو پُرسکون کر دیا ۔
جانے لوگ درختوں کی زبان اور رویے کو سمجھنا کیوں اتنا مشکل سمجھتے ہیں ! ۔ جب کہ انہی کی صحبت انسان کو بہت سے تفکرات سے دور کر دیتی ہے ۔
ملائیشیا کی سلطان صلاح الدین عبدالعزیز شاہ مسجد ،، اُس چاشت کے وقت بالکل اکیلی تھی ۔ ،، حالانکہ یہ کوالالمپور کی ابڑی مساجد میں سے ہے ۔ خیال تھا کہ اندر کچھ نا کچھ تو بِھیڑ ہو گی ۔ لیکن دو " مَلے جوڑوں" کے علاوہ کوئی نہ تھا ،،، خاموش مسجد کی ایک الگ ہی شان ہوتی ہے ۔ اور اُس دن اس ملائیشین مسجد کے پُر سکون لمحات نے بہت متاثر کیا ،، دو نفل ادا کئے ،، اور پھر اس کے اندرونی دالانوں ، مردانہ اور زنانہ حصوں میں گھومتے ہوئے ،، اس کے درو دیوار کے گہرے نیلے ، ہلکے نیلے اور فیروزی رنگ کے ساتھ کہیں کہیں سیاہ اور سفید لائنوں کے دل نشیں امتزاج کو دل کی آنکھوں سے ستائش بھری نظروں سے دیکھتے دیکھتے ،،، اس کے پچھلے لان میں پہنچ گئی ، برآمدے سے اترتے ہی گہری خاموشی نے گھیر لیا ،،، آہ !! یہی گہری خاموشی اُس وقت فوراً محسوس ہو جاتی ہے جب آپ کسی با رعب ، بُرد بار ،، ہستی کے سامنے پہنچ جائیں ۔۔ اور یہاں فاصلے سے قدرِ دور دور وہ درخت کھڑے تھے ،، جن کے بھاری ، خوب گھیرے دار تنوں نے سبز خلعت پہن رکھی تھی ۔ وہ بلند و بالا اور خوب گھنیرے بھی تھے ۔ وہ کئی سو سال کے عمر رسیدہ درخت تھے ، جن کا مختصر خاندان کچھ کم اور کچھ زیادہ گھیر کے تنوں کے ساتھ خاموشی ، تمکنت اور تفکر میں ڈوبا کھڑا تھا ۔ میرا دل اُن کے احترام ، اور عقیدت سے سرشار سا ہو گیا ۔ ہاں میں جانتی ہوں ،،، انھوں نے شاہوں کے جلال کو دیکھا ، اور تاریخ کے کئی صفحات کو اپنے تنّوں پر رقم کر ڈالا ہے ۔ یہ تحریر انسانی انگلیوں کے پَوروں کے دائروں کی طرح خاص طرزِ تحریر ہے ۔۔ شاید اسی لئے سبز پتّوں کی خلعت اوڑھ لی تھی تاکہ تاریخ محفوظ ہو جائے ۔ آہ ،،، پیارے درختو ! تم جہاں کے بھی ہو تمہارا شکریہ ،، کہ انسان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا ، کبھی اسے ٹہنیوں میں چھُپا ،، کبھی تنّے شق ہو گئے ، اور ان میں برگزیدہ ہستیوں کو چھُپا لیا ،،، کبھی پھل دیے تو کبھی پھول ،، اور سایہ تو بہر طور چند ٹہنیوں سے بھی آراستہ کر ڈالا ۔۔ کہ انسان کا جنم جنم کا ساتھ ، پانی ، مٹی ، اور پھر درخت کا رہا ۔۔۔ !! کیسا دلی رشتہ ہے کہ جہاں بھی تم ہوتے ہو ،،، دل کا سکون ، آس پاس ہی رہتا ہے ۔ اور کیسی عجیب بات کہ جہاں اللہ نے اپنی جنت کا ذکر کیا وہیں ان کے درختوں کا بھی ذکر کیا ،، وہی درخت یا پودا جس کے پھل کو کھانے سے منع کیا ،،، وہی درخت جن کے پتّوں سے کائنات کے پہلے دو انسانوں نے خود کو ڈھانپا ،،، وہی درخت جس کے سائے تلے مچھلی والے کے درد کا درماں کیا گیا ،،، درخت ، پتےّ ، ٹہنیاں ،،، اور انہی سے فائدے اٹھاتی انسانی اور حیوانی حیات!! تو ہم کیوں نا ان کی سرگوشیاں سنیں ؟ !!

( منیرہ قریشی ، 5 اپریل 2024ء واہ کینٹ ) 

پیر، 1 اپریل، 2024

جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ10)


جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ10)
جب ہم کسی ایسے ماحول میں رہ رہے ہوں ،، جہاں قدرت اپنی فیاضی دکھانے میں کسی بُخل سے کام نہ لے تو دل سے تو جیسے موت کا خوف بھی دُور ہو جاتا ہے ۔
جنگلوں نے اپنی محبت میں ایسا جکڑا ہوا تھا کہ کبھی شہروں کی چکاچوند ، اُن کی آرائش و زیبائش نے اتنا متاثر ہی نہ کیا کہ ہائے ہائے کرتے رہ جائیں ۔۔۔ لیکن وہ لمحات جب بھی درختوں کی معیت میں گزرے جو بُدھ مت کی گیان میں مست مورتی کی طرح کے ہوں تو ،،، دل پر ان کی محبت کے معجزے اترتے محسوس ہوتے ہیں ۔ جانے کب لیکن اُس خوبصورت جنگل نے دل میں تصویر بنا ڈالی ،،، کہ دل سے کبھی یاد محو نہ ہو سکی ۔۔۔ اُس دن ہلکی ہلکی پھوار پڑ رہی تھی ،،، دُعا کی قبولیت کے لمحے بھی شاید ایسے ہی ہوتے ہوں گے کہ ایک ایسے قدرتی جنگل کے کنارے پہنچنا ہوا ،، جہاں ایک طرف کھیت تھے اور جانوروں کا باڑہ ،، دوسری طرف بتدریج اُونچا ہوتا جنگل ،، اور ایک قوس کے شکل کا پُل جس کے نیچے پانی مدھم مدھم بہہ رہا تھا ،، پھوار نے ماحول کو دھندلا دیا تھا ،،، اس تصویر میں عجب پُراسراریت شامل تھی ،،، یہ جگہ اکا دکا انسانی موجودگی سے آشنا تھی ۔ محسوس ہوا میں صدیوں سے یہیں کی رہائشی ہوں ،،، اور چند لفظ ان تنہائی اور کائی زدہ درختوں کے لئے تخلیق ہو گئے جن کو کچھ کہنے سننے والا شاید ہی ملتا ہو !
" بیک اَپ کے ایک جنگل کنارے "
شام کے دھندلکے میں
اکتوبر کی خاموش جھڑی میں
ایستادہ جنگل ، جیسے بوڑھا فوجی
اپنی کہانیاں سنانے کو بے قرار ہو
اور سننے والا کوئی نہ ہو !
دُکھ کچھ کہنے کا ،سننے کا ، چُپ رہنے کا
دکھ ،، بے نیاز وقت کی ٹِک ٹِک کا
بقا کا عجیب دکھ
فنا کا بے آواز دکھ
نظاروں کو سراہتی آنکھیں اندھیروں میں اُتر جاتی ہیں
ایستادہ جنگل ، لبوں پر لفظ سجائے کھڑے رہ جاتے ہیں
اس نثری نظم کو لکھ کر جیسے اس جنگل کی عبودیت کا احساس کر لیا تھااور میں شانت ہو گئی تھی ،،، شاید "مِستی" misty ماحول خود بھی سِحر کا استعارہ ہوتا ہے ۔ کہ دل و دماغ آج بھی اس منظر کو بھُلا نہیں پائے ۔ دراصل نیچر ،،، یا فطرت جب تک فطری رنگ ڈھنگ میں ہو تو ہی سِحر زدہ ہوتی ہے ،،، غیر فطری ، مصنوعی انداز وہ محبت نہیں دے پاتا کہ اسے سراہا جائے ۔
ایسا ہی تجربہ جب ایک بڑے شہر کے بہت بڑے شاپنگ مال کے چھَت پر انسانی ہاتھوں سے بنے جنگل سے ملنا ہوا،،، داخلی دروازے پر بانس کے چھوٹے قد و قامت والے درخت پہرے داروں کی طرح قطار میں کھڑے نظر آئے ۔ ہماری حیرت کی نظر اُن پر پڑی تو جیسے وہ بھانپ گئے کہ بانس کے درخت اور وہ بھی کوتاہ قامت !! ،،، اور ساتھ ہی اُن کی بڑبڑاہٹ سنائی دی " تمہیں یہاں نہیں آنا چائیے تھا ،،، یہاں کی چیختی چلِاتی ٹریفک اور جگمگاتی اشتہاری دنیا ،،، اور کہاں جنگل کی کھلی فضا ، اور ہمارے اونچے لمبے گھنے ذخیرے ،،، اور کہاں یہ ہم ،، اور ہمارے بے توقیر سے حُلیئے ،، آہ انسان بھی کیا مخلوق ہے ، یا تو فطرت کو بھُولتا ہی نہیں اور ہر طرح اسے بچانے میں کوشاں ،،، اور کہاں یہ مادی جنگل ،، جو چھت پر بنا کر انسان خود کو مطمئن کر رہا ہے ۔ کہ میں ' حُبِ فطرت' ہوں ،،، ذرا چکر لگاؤ تب تمہارے محسوسات جو ہوئے سَو ہوئے ،، لیکن ہماری اداسی کا سبب جان جاؤ گی"
چند قدم کے بعد ہی انسانی کمالات نظر آنے لگے ،،، چھوٹے قد کی جھاڑیاں، چھوٹے قامت کے سدا بہار درخت ،،، ان درختوں تلے چھوٹے سائز کے بنچ ،، اور تو اور نیچی پرواز کی عادی ننھی چڑیاں ،، اور انھیں چند گز اوپر اُڑنے والے توانا پرندوں سے بچانے کے لئے کہیں سفید اور کہیں سبز کپڑے کی مضبوظ جالی ، خوبصورت چھت۔۔۔اگرچہ کچھ پودے اور جھاڑیاں جاذبِ نظر تھیں ،،، لیکن یہ وہ جنگل تھا جو انسانوں کو خوشی دینے کے لئے بنایا گیا تھا ۔ حیرت انگیز طور پر خود جنگل انسانوں سے بیزار نظر آیا ،، یہ سارا رقبہ دو ڈھائی کنال تک کا تھا ۔ لیکن ہر پودا ، ہر پتّہ ہمیں یوں دیکھ رہا تھا جیسے کہہ رہا ہو ،،، " دیکھو دیکھو ہم انسانوں کے ہاتھوں کی تخلیق ہیں ۔ ہم فطری اور غیر فطری دو اجزاء کے ملاپ سے بنائے گئے ہیں ، ہم وہ پودے ہیں جنھیں " ٹرانس جینڈر " کہا جا سکتا ہے ۔ ہم انسان کی طرف سے کھانے ، پینے پر انحصار کرتے ہیں ، ورنہ ہم دنوں میں مُرجھا جائیں اور موت سے ہمکنار ہو جائیں ،،، ہمارا رویہ تمہیں خاموش اور احساسِ محرومی والا لگا ہو گا ؟؟؟۔۔۔۔ اس لئے کہ آزاد فضا کے جنگل ،، چرند ، پرند جس طرح وقار دکھاتے ہیں ، وہ پنجروں کی محدود دنیا میں کہاں دِکھے گا !! غور سے دیکھو ،، لیکن ترس کرتی نظروں سے مت دیکھنا ، ہم تو اپنی اداسیوں کے بُکل مارے ،، تم انسانوں کو حیرت سے دیکھتے ہیں کہ اپنے خالق کی بنی چیزوں کو پہلے تباہ کرتے اور پھر انھیں خود تخلیق کرنے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں ۔ بیشک آؤ ! لیکن ہم تمہارے اعزاز میں جھوم نہیں سکتے ،، کہ اس مصنوعی طرزِ زندگی میں ہم جُھومنا بھُول چکے ہیں ۔"
ہم واپسی پر چور نظروں سے جلدی سے داخلی دروازے کی طرف چل پڑٰیں ، کہ بانس کے کوۃ قامت درخت کوئی ایسا سوال نہ کر بیٹھٰیں جن کا ہمارے پاس کوئی جواب نہ ہو !!

( منیرہ قریشی 2 اپریل 2024ء واہ کینٹ ) 

ہفتہ، 30 مارچ، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں "( رپور تاژ۔9)

" جنگل کچھ کہتے ہیں "( رپور تاژ۔9)
مانچسٹر کے نواح کے اس نا معلوم جنگل کی خوشبو کے چھڑکاؤ نے دل موہ لیا تھا ۔۔ اُس نے گہرائی میں اُگے رنگین جنگلی پھولوں کے تختوں سے ہوا کے جھونکے کو بھیج کر خوشبو کشید کر کے ہم پر جو مسحور کن عطر بیز سپرے کیا تھا ،، وہ احساسِ تفاخر جا ہی نہیں رہا تھا ۔ احساس ہوا ،کہ درخت اپنے چاہنے والوں سے کیسی فیاضی سے اظہارِ محبت کرتے ہیں ۔ اور ہم انھیں ایک بے جان چیز سمجھ کر بے اعتنائی سے گزر جاتے ہیں ۔
قدرت کے خالص نظاروں میں صحرا ، جنگل ، ویرانے میں سبزہ ،، پانی ،، درخت اور جنگلی حیات وہ مندرجات ہوتے ہیں کہ انسان کو زندگی سے عجب دلرُبا پیار ہو جاتا ہے ۔ اور اب کئی دن کے بعد بھی " ایش ورتھ " کے جنگل کی خوشبو دل و دماغ میں بس گئی تھی ۔ چند ہفتے مزید گزرے کہ پاک وطن کی مشہور و معروف ادیبہ اور کامیاب ڈرامہ نگار ،، محترمہ فاطمہ ثریا بجیا " کا ایک انٹرویو دیکھنے کو ملا ،، جس میں وہ ریاست میسور کی سیر کا کچھ احوال بتا رہی تھیں ،، کہ " جہاں ہم نے بہت سے اہم تاریخی مقامات دیکھے ،ٹیپو سلطان کے خوبصورت، محلات ، جائے شہادت اور، میوزیم دیکھا ،، لیکن آنے سے ایک دن پہلے ہمارے گائیڈ نے پوچھا " کیا آپ صندل کے جنگل کا مشاہدہ کرنا چاہییں گی، جو یہاں کی وجۂ شہرت ہے " ،،، میں نے کہا " کیوں نہیں ،، اور ذہن نے ایک دم صندل کی خوش کن خوشبو کو جیسے قریب ہی محسوس کر لیا ہو " ،،، اگلے دن گائیڈ کی معیت میں صندل کے جنگل میں پہنچے ،،، یہ خوب گھنّا جنگل تھا ،،، لیکن یہاں خوشبو ندارد ،، یہ کیا ؟ وہیں جنگل کے دو رکھوالے بیٹھے تھے ، انہی سے پوچھا ،، یہ تو صندل کا جنگل ہے ، تو خوشبو کہاں ہے ؟ انھوں نے کہا ، ماں جی آپ کو نہیں معلوم "" صندل کا درخت جب تک زندہ ہے ، تو چھاؤں دیتا ہے ، مر گیا تو خوشبو دینے لگتا ہے "" یہ درخت نہیں یہ تو ماں ہے ،، جو زندہ ہے تو چھاؤں دیتا ہے ، مَر گیا تو خوشبو چھوڑ جاتا ہے ""
یہ انٹرویو اعلیٰ سوچ ، بہترین الفاظ کی عکاسی تھا ،،
تب یہ خیال آیا ، انٹرویو کے یہ الفاظ درختوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہے تھے ۔ اور دوسرا خیال یہ آیا کہ کچھ درخت بھی " غازی اور شہید ، جیسا کردار، ادا کر جاتے ہیں ،، کہ زندہ ہیں تو چھاؤں ، پھل ، ٹھکانہ ، محافظت ۔۔۔ اور مَر گئے تو خوشبو کا خزانہ چھوڑ جاتے ہیں تو مَرے کہاں ،، ؟؟وہ تو شہید ہیں کہ کبھی گھروں میں اس خوشبو دار لکڑی سے کارنس بن گئی ، کبھی کوئی کرسی ، کبھی الہامی کتاب کی رہل ، اور کبھی ہاتھوں کی انگلیوں میں پھِرتی تسبیح !! کہ جب طبیعت بوجھل ہوئی ، اسے سونگھ کر بشاشت پا لی ۔
گویا فطرت کی سادگی میں ہی پُر کاری ، اور جاذبیت کا جزوِ اسے مسحور کر دینے والی تاثیر دیتا ،، اور اس پر خوشبوؤں کا اضافی ، استقبال !!!
یہی تو ایک واضح پیغام مِل رہا ہوتا ہے ، ہم انسانوں کو ۔ کچھ تو ایسا کر جاؤ کہ جانے کے بعد تمہاری باتوں کی ، قربانیوں کی ، ایثار کی خوشبو تا دیر
یادوں میں شامل رہے ۔
کیسا خوبصوت شعر جانے کس خوبصورت شاعر کا ہے
؎ چھاؤں دیتے ہیں جو صحرا میں کِسی کو
دل میرا ، ایسے درختوں کو وَلی کہتا ہے

( منیرہ قریشی 31 مارچ 2024ء واہ کینٹ ) 

جمعہ، 29 مارچ، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں "( رپور تاژ) 8 ۔

" جنگل کچھ کہتے ہیں "( رپور تاژ) 8 ،
ٹینڈل ہل پارک ،،، کے نیم برہنہ ، لیکن قدرِ بیزار اور خاموش جنگل نے متاثر تو کیا ،،، اور دل بھی اس کی طرف کِھچا ، لیکن جانے کیوں مجھے یہ واضح پیغام ملا ،،، " ٹھیک ہے تم آئیں ، ہمارے دکھ کو محسوس کیا ۔ ہم سے باتیں کیں ،، بلکہ ہماری داستانِ حسرت زیادہ سنی ۔۔ لیکن اب تب آنا جب ہمارے ہی غم میں شریک لوگوں نے اپنے اپنے بزرگوں کو درختوں کے تحائف دے کر ہمیں نئے ممبران دے دئیے ہیں ،، اگر پھر آنا ہوا تو تب تک یہ نوخیز درخت جوان ہو چکے ہوں گے ، اور یہ سب تمہیں خوش آمدید کہیں گے ۔ ہم تمہیں ویسی گرم جوشی سے نہیں ملے جو تمہارے تصور نے پہلے کے تجربات کے تحت سُجھا دیئے تھے۔ اب کیا کریں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی نے ہمارے لہجے کو بیزار سا کر دیا ہے ۔،،، جنگل کے اس ذخیرے کی بُڑبڑاہٹ چلتی چلی جا رہی تھی کہ واپسی کا اشارہ ملا ۔ میں خاموشی سے انھیں الوداع کہے بغیر ہی چلی آئی ۔ دل اداس تو ہوا لیکن اِک گُونا تسلی بھی کہ انھوں نے میری آمد پر اپنے گھنے درختوں کے سائے میں ڈرایا تو نہیں تھا ۔ بلکہ اپنا دکھ بانٹا تھا ۔
ابھی دن کا آدھا حصہ ہی گزرا تھا جب واپسی کے سفر میں مہربان میزبان نے گاڑی گھر کی بجائے ایک سِمت موڑ دی ،،، اور ساتھ ہی بتا دیا ،،، یہاں ایک اور کارنر ہے جسے بہت پہلے میں نے دیکھا ،،، اور دل میں جگہ کر گیا ،، یہاں سے قریب ہی ہے ،، دیکھتے چلتے ہیں !!! اور مَیں نے دل میں کہا " دیکھنے ،،! ؟بلکہ ملتے چلتے ہیں " ،، کچھ دیر کے سفر کے بعد ایسی جگہ پیدل چل پڑے ، جو آس پاس بالکل فلسفیانہ خاموشی میں گھِری ہوئی تھی ،، ایک ذیلی سڑک سے اندر پگڈنڈی کی طرف مُڑے ،،، چند گز پار کئے ہی تھے ، صاف محسوس ہو گیا ،، یہ حصہ عام لوگوں کی آمد ورفت والا نہیں ، یہاں وہی آتے ہوں گے ، جو ایسے چُھپے گوشوں کی محبت میں غرق ہوں ،، چند قدم مزید آگے بڑھیں ، کہ یکدم ،،، تیز خوشبوکا جھونکا چہرے اورجسم سے ٹکرایا ،،، گھبرا کر ادھر اُدھر دیکھا ، کیا واقعی اتنی معطّر و مقَطر عطر سے استقبال ہوا ہے ؟؟ کیا واقعی ؟ میں حیرت ، انبساط ، اور خوشی سے سرشار ہو گئی ۔ شکریہ پیارے جنگل !! گھنے درختوں نے جیسے بیک وقت تالیاں بجائیں ۔ ایک بزرگ درخت نے سب کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا،
" کتنے ہی سالوں بعد کسی نے یہاں ہمیں کھوج نکالا ۔ ہم کب سے منتظر تھے،، کہ کوئی ہمیں سراہنے والا آئے ۔ یہ میزبان لڑکی کئی سال پہلے یہاں آئی تھی ۔ یہ فطرت کی عاشق تو ہے لیکن ،، ابھی ہم سے ہم کلام ہونے کے کُلیئے سے نا آشنا ہے ۔۔۔ ہم اتنے خوش ہیں کہ تم پر خوشبو بھرے پھولوں کے عطر کا چھِڑکاؤ کر دیا ۔ آتی رہا کرو ، آتی رہا کرو ۔۔۔کہ روح کی بالیدگی ذکر و فکر کے علاوہ قدرت کے نظاروں سے بھی ہوتی ہے ! "
یہیں ایک جگہ سے پانی کے بہاؤ کا مدھم سُر سنائی دیا ، آگے بڑھ کر گہرائی کی طرف جھانکا لیکن وہ پانی ایک شانت پتلے چشمے کی صورت قدرِ گہرائی میں بہہ رہا تھا ، کچھ اُوپر سے جھانکنے پر چشمہ جیسے سُکڑ گیا ،، اور مزید کسی گہرائی کی طرف چُھپ گیا اسی کے کنارے رنگین جنگلی پھولوں کے تختے بچِھے ہوئے تھے ۔ قدرت اپنے حُسنِ کرشمہ ساز کو خالص رکھنے میں اسی لئے کامیاب رہتی ہے ، کہ وہ غیر اہم ، بیگانی نظروں سے خود کو دُور رکھنا پسند کرتی ہے ۔ تاکہ صرف ستائشی نظروں پر اپنے جلوے کھولتی ہے ۔ ،،، ہم پر حُسن کے جادو نے خاموشی طاری کر دی ۔ دل کی ٹِک ٹک مسلسل "سُبحان اللہ ،سُبحان اللہ ،، کا وِرد کرتی چلی گئی ۔ آنکھیں بند کر کے اس کے نظاروں کی تصویر دل پر اُتاری ، لمبے لمبے سانس لئے کہ مدت بعد ، " رنگین خوشبو دار پھولوں سے لَدی خاموشی" کو دل و دماغ میں ریکارڈ ہوتا محسوس کیا تھا ۔۔ استقبالیہ بھی مہمانِ خصوصی جیسا ملا تھا ۔ اِس جنگل نے اپنا تعارف ASH WORTH کے نام سے کروایا ۔ ،، اور گھنے درختوں کے نیچے اُگے کاسنی اور گلابی پھولوں پر ہاتھ پھیرتے واپسی کی راہ لی ۔۔ کہ جیسے کچھ دیر اور رُکیں ، تو اسی خوبصورتی کا حصہ ہی نہ بن جائیں ۔ لیکن " انسان تو خسارے میں ہوتا ہے " وہ اس مختصر زندگی کے لئے نئی نئی آسانیاں کھوجنے ، اپنانے میں وقت صَرف کرنا پسند کرتا ہے ۔ آہ ،، انسان بے شک بڑے گھاٹے کا سودا کرتا ہے َ!!
ہمارے دل کی وہ اداسی دُھل سی گئی جو ڈینڈل ہل کے درختوں کی وجہ سے اثر دکھا رہی تھی۔
( منیرہ قریشی ، 29 مارچ 2024ء واہ کینٹ ) جاری !


جمعرات، 28 مارچ، 2024

" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ) (7)

" جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ) (7)
مانچسٹر کی اس، گلابی موسم ، کی چمکیلی خوبصورت صبح تھی ،،، اور پچھلے لان سے ملحقہ چھدرے جنگل سے صبح کا سلام کرنے پہنچ گئی کہ اب اپنی گاڑھی ہوتی دوستی میں مزا آنے لگا تھا ،،، پہلے سلام ، اور پھر کلام ، ہوتا ،، وہ مجھ سے محبت بھری سر گوشی میں پوچھتا !! " رات کیسی گزری ؟ کیسے خواب دیکھے ؟ کچھ نیا لکھا ؟؟ ۔۔۔ میَں مسکرا کر جواب کے بجائے ، اسی کو سوال کر بیٹھتی ، تم سناؤ ! کیا رات کو لومڑیاں آئیں تھیں ، اپنا وہ کھاجا کھانے ، جو میں نے تمہاری جڑوں کے پاس رکھ چھوڑا تھا ،،،؟ تو پتوں بھری ٹہنیوں نے قدرِ جھک کر اشارہ کیا " دیکھو تو وہ گتے کی پلیٹ خالی ہے ، بلکہ میٹھی گوگیاں جو تم اپنے وطن سے لائیں تھیں ،،، اسے دو ماں بیٹا ہرن آئے تھے اور چٹ کر گئے ، وہ اس نئے ذائقے سے بہت نہال ہو رہے تھے ، اگر اور ہیں تو وقفے سے ڈال دینا ،،، وہ اس کاسنی پھولوں والے پودوں کے درمیان کبھی کبھار چکر لگانے آ جاتے ہیں ،،، اور یوں ہماری رات کچھ اُن سے گپ شپ میں گزر جاتی ہے " ۔ نوجوان ، تندرست درخت نے رات کی ساری رودار سنا ڈالی ،، اور مزید کہا ۔۔ " اگر آج باہر جانا ہوا تو پُر جوش میزبان سے کہنا تمہیں ،، 'ٹینڈل ہل پارک ' لے جائے ،، وہ ہم سے کہیں زیادہ پرانا جنگل تھا ،، جسے کوئین ز پارک کی طرح لوگوں کے لئے تیار کر دیا گیا ہے ،،، تم جاؤ گی تو وہ خود اپنی کہانی سنا دے گا" ،،،
اس چمکیلی ، پُر سکوں صبح ٹینس کی بال جتنی بڑی سٹرا بیریز کا ناشتہ ہوا ، تو " ٹینڈل ہل پارک " کا ذکر کیا گیا ، تو محبتی میزبان جو خود بھی سیلانی روح نے فوراً کہا " چلیں آج شام کی چائے اسی کے پارک میں جا کر پیئں گے ۔ دل پہلے ہی پُر جوش تھا ،،،، میں نے جنگلوں کو نہیں ، انھوں نے مجھے چُن لیا تھا ،،، تبھی تو ایک غیر اہم ، چھدرا سا یہ جنگل اپنے ایک سینئر سے ملنے کا مشورہ دے رہا تھا ،، میں کچھ دیر کے لئے خود پر نازاں ہوئی کہ مجھے ان جنگلوں نے اپنی دوستی کے قابل سمجھ لیا ہے ،، اے خالق تیرا شکر ، تیرا کرم !!! ورنہ اگر یہ مجھے ڈراتے تو میں کیا کر سکتی تھی ۔ میں کبھی ان کی باتیں نہ سمجھ پاتی ۔۔۔ اور کبھی ان کی صحبت میں اتنی خوشی محسوس نہ کر سکتی ۔
سہ پہر تک چائے کا کچھ سامان لے کر شاندار گھروں کی ایک سڑک کے درمیان سے گزرے ، جہاں اس سڑک کا اختتام تھا ۔ وہیں گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ بنی ہوئی تھی ،،، ایک برائے نام سا گیٹ تھا جس پر تکلفاً ایک تالا لٹک رہا تھا ، البتہ سائڈ کا چھوٹا گیٹ ہر آنے جانے کو خوش آمدید کہہ رہا تھا ،،، جسے کوئی لمحے بھر کو بھی نہیں دیکھ رہا تھا کہ ہر داخل ہونے والے کی نظریں سامنے نہایت ترتیب سے دئیے راستہ اپنی گرفت میں لے رہا تھا ،،، ابھی شروع کی فرلانگ بھر راستے کو خوبصورت سبز گھاس اور بنچوں سے آراستہ کیا گیا تھا ۔ اسی کے نزدیک ایک کینٹین بھی بنائی گئی تھی ،،، جہاں ذیادہ تر مائیں اپنے بچوں کے ساتھ براجمان تھیں ،، کہ ان کے بچوں کی کچھ پسندیدہ خوراک مل رہی تھی ،،، ایک بنچ پر چائے کے لوازمات رکھ کر آس پاس پھیلے درختوں کی طرف نظر ڈالی ، دل کی دھڑکن پھر تیز ہوئی ،،، کہ یہاں جنگل کو گھنا تو رکھا گیا تھا لیکن کہیں کہیں راستہ صاف بھی بنا گیا تھا ،،، قریب ترین گھنے درختوں کے اوپری شاخوں سے گتھے دائرے تک پہنچنے کے لئے ڈھلوان راستہ طے کر کے جانا ہڑا ۔ وہاں پہنچی تو اس روشن سہ پہر کو بھی یہاں ٹھنڈک اور نیم اندھیرا تھا ،،، نہ صرف سانس درست کرنے تھے بلکہ جنگل کے اس احاطے کو اپنی آمد کا اندراج بھی کروانا تھا ، یہاں کوئی بنچ نہیں تھا کہ کچھ دیر وہیں بیٹھ جاتی لا محالہ ، انہی درختوں میں ایک کے تنے کا سہارا لیا ،، اور جیسے میری کلائی کسی نے پکڑ لی ،، مجھے اس گرفت میں دوستانہ احساس بھی ہو گیا ،،، خوش آمدید ،،، جنگلوں کی محبت کی اسیر !! ہمیں چھدرے جنگل نے کہلوا دیا تھا ،، کوئی مشرق سے آئۓ ہیں ،، اپنی چاہتوں کا یقین دلانے ،،، تم اچھے وقتوں میں آئی ہو ،، ورنہ ہم تو تین چار میل کے دائرے میں پھیلا وہ جنگل تھے کہ رات تو رات ،، دن کو بھی یہاں سے کوئی گزرنا پسند نہ کرتا تھا ، دیکھو تو یہ سامنے چھوٹی چھوٹی پہاڑیاں ابھی بھی گھنے درختوں سے لدی ہوئی ہیں جہاں جنگلی حیات آرام سے رہ رہی ہے ۔ 1861ء تک اس جنگل نے باغیوں کو محفوظ پناہ گاہیں بھی مہیا کیں ، جو اس دور کے بادشاہوں کی نیندیں حرام کئے رہتے ،، آخر کار یہ دورانیہ گزرا اور فیصلہ ہوا باغیوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کا یہی حل ہے کہ جنگل چھدرا کر دیا جائے ، لیکن زمینی سطح اسی طرح اونچی نیچی ،،، بلکہ مزید نیچی ڈھلانیں موجود رہیں ، جہاں لمبے لمبے درخت گہرائی سے اٹھتے چلے آتے ہیں اور لوگوں کے قدموں تک ان کی چوٹیاں چھوتی کرتی ہیں ۔ "لو،،، تم دیکھ رہی ہو نا، کچھ جگہوں پر ہم درختوں کو کچھ زیادہ ہی کاٹ ڈالا گیا ہے ، اب ہم اپنے کمزور ذخیرے پر اداس رہتے ہیں ۔ ،، تم نے اس اداسی کو محسوس کیا ،،، اس وقت مجھے احساس ہوا ،، اس پرانے جنگل ، لیکن نئے پارک میں کوئی گرم جوشی محسوس کیوں نہیں ہوئی ،، اس کے کافی بڑے علاقے تک گھومنے پر علم ہوا کہ بہت سے نئے درختوں کے گرد جنگلا لگایا ہوا تھا ،،، ہر درخت پر کسی بیٹے ، بیٹی ، پوتے پوتی نے اپنے بزرگوں کے نام لکھ کر ان کی یاد میں یہ درخت لگائے تھے ،، اوہ !! تو یہ بات تھی کہ تیزی میں کانٹ چھانٹ نے جنگل کو نیم برہنہ کر ڈالا تھا ،، اور انسانوں کے اس سلُوک نے اس کی خوش مزاجی مدھم کر ڈالی تھی ،، اب نئی نسل مداوا کرنے میں کوشاں تھی ،، " جتنا اس گھنے لیکن کٹ لگائے " گئے جنگل نے اپنے محسوسات شیئر کئے ،،، اس نے مجھے خاموش کر دیا تھا ۔ لیکن دکھی نہیں کیا تھا ، کہ اب چند عشروں میں یہ جنگل اپنا دبدبہ پھر حاصل کر لے گا ، کہ ہر وہ قوم جو اس شعور سے آگاہ ہو جائے ،، کہ " ہم درختوں سے ہی یہ قدرت کے نظارے مکمل ہوتے ہیں ، اور قدرت کہیں بھی ہو وہ سبز رنگ سے عاری ہو ہی نہیں سکتی ۔ سارا ماحول قدرت سے میل کھاتا ہوا ہو یہ تبھی ہو گا کہ جب سبز کا ہر شیڈ آس پاس ، ہر کونے سے جھلک دکھا رہا ہو ۔۔! "

( منیرہ قریشی ، 28 مارچ 2024ء واہ کینٹ ) 

پیر، 18 مارچ، 2024

جنگل کچھ کہتے ہیں" ( رپورتاژ)(4)


جنگل کچھ کہتے ہیں" ( رپورتاژ)(4)
جنگل محض درختوں کا محدود یا وسیع ذخیرہ ہی نہیں ہوتا ،،، یہ وہ سانس لیتی حسّاس مخلوق ہے جو اظہار اور رویہ دکھاتے ہیں،، جہاندیدہ ، درختوں کا جھنڈ ، سَر جوڑے اپنے دیکھے ، سنے تجربات کو آپس میں بانٹتے رہتے ہیں ۔
کچھ ایسے ہی جنگل میں جانا ہوا ،،،جس کی عمر وہاں کے باسیوں کے مطابق دس ہزار سال سے زیادہ تو ہو سکتی ہے کم نہیں ۔ مغربی ماحول ، تہذیب وتمدن اور کم آبادی نے اس کو ایک فائدہ ضرور دیا تھا کہ صاحب اختیار طبقے نے اسے قدرتی حسن میں ہی رہنے دیا۔ شاید اسی لئے ہیبت اور کچھ اس کی قدامت نے اسے احترام دلائے رکھا ۔ جب اس جنگل کے ایک داخلی راستے سے اندر جانے لگے تو وہاں پہلا حفاظتی دستہ خاموشی کا تھا جس نے، ہمیں اپنے حصار میں لے لیا ۔ چند قدم کے بعد ہی خوب گھنے درختوں پر مزید خاموشی چھا گئی ۔ سوچا ، شاید ہم عصر کے وقت آئے ہیں اور مغرب تک اس جنگل کا داخلی در بند کر دئیے جانے کا نوٹس لگا ہوا تھا ،، اس لئے نہ تو یہاں کوئی سیاح نظر آئے ۔۔ اور نہ کوئی کھوجی طبیعت کے لوگ ، نہ زمینی چھپی مخلوق ۔ ہاں البتہ آٹھ دس مقامی لوگ ، اپنے گروپ میں سے کسی کی سالگرہ منانے رکے ہوئے تھے ۔ آدھ گھنٹے تک ان کی آوازیں بھی معدوم ہو گئیں ۔ حالانکہ اب جولائی کا آخر تھا اور دن کچھ لمبا ہو چکا تھا ۔ لندن کی گنجان آبادی سے ہٹ کر اس جنگل کی فضا میں دوستانہ گرمجوشی محسوس ہوئی ۔ ہم مطمئن ہو کر آگے بڑھے ،، مزید آگے ،، اور بوڑھے درختوں نے اپنے بہت چوڑے تنوّں کے ساتھ " جی آیاں نوں " والی مسکراہٹ پہنچائی ۔ چند درختوں کی کمر خمیدہ تھی ،، وہیں درمیان میں ایک پُر سکون چھوٹی سی جھِیل تھی ۔۔ جس کے ایک کنارے سے کہیں پانی مزید ابھرنے کی قُل قُل کی آواز سے شاملِ جھیل ہو رہا تھا ۔ جھیل کنارے نہایت چھوٹی لیکن عجیب و غریب پانی کی مخلوق بَسی ہوئی تھی ،، جانے کب سے ؟ اکا دکا نظاروں کو کیمرے کی آنکھ سے دل میں اتارا ،،، اور پھر مزید اندرون جنگل جاتی پگڈنڈی کی راہ کی طرف قدم بڑھائے ۔لیکن ،،، سامنے سفاری سوٹ پہنے ، لانگ بوٹ کے ساتھ،، سَر پر شاندار پگڑی باندھے ۔ برف سا سفید بالوں والا سر ، سفید خوب گھنی مونچھوں ،، سفید بھنوؤں اور کنپٹیوں سے نیچے آتی سفید داڑھی ،،،کے ساتھ سات آٹھ فٹ اونچی با رعب شخصیت نے راستہ روک لیا ۔ اس کے ہاتھ میں ایک چھوٹی سی شاندار چھڑی بھی تھی ۔ میَں جیسے ساکت ہو کر رہ گئی ۔ اور پھر میرے منہ سے صرف اتنا نکلا ۔۔" آپ کون "؟؟
اس شاندار بزرگ شخصیت نے مسکرا کر ، مشفقانہ انداز سے کہا " میں تو سینکڑوں سالوں سے یہیں ہوں ،،،مگر تمہارے جیسی جانچتی ، محبت کی نظر ڈالتی روحیں کبھی کبھار آتی ہیں ۔ مجھے ہی Epping forest کہتے ہیں ۔ تمہاری درختوں کی محبت اور انھیں جاننے کی الفت سے ہم آگاہ ہیں ۔
خوش آمدید ، خوش آمدید ، اے چند گھنٹوں کی مہمان !!،،، اس کے بارعب لیکن دھیمے لہجے نے مجھے شانت کر دیا ۔ ایپنگ فارسٹ نے خود ہی میری سوچ پڑھ لی ،،، " تم یقینا" میری پگڑی پر حیران ہو رہی ہوگی ۔ ہم درختوں کے لئے ہر مُلک ، مُلکِ ما است ہوتا ہے ۔ ہم اپنے دور دراز کے ہم نفسوں کے پہناوے پہنتے اور خوش ہوتے رہتے ہیں ،، یہ پہناوے ان دور کے ملکوں سے آتے جاتے رہنے والے پرندوں کے ذریعے سے ہم تک پہنچتے رہتے ہیں ۔ جوں ہی کوئی ہم سے ملنے آتا ہے ، ہم اسی کے دیس جیسا بھی کچھ پہن لیتے ہیں ،، یہ ویلکم کرنے کا انداز ہے " ۔۔ " تم جب وطن کو لوٹو گی ،،، اور جس بھی جنگل جاؤ گی ،، ان سب کو ہم سے اس ملاقات کا تائثر بتانا ، باقی ہماری پیغام رسانی ،، ان پیاری ہواؤں کے ذریعے ہوتی رہتی ہے "
" ابھی مغرب کا وقت ہوا چاہتا ہے "۔ ایپنگ فارسٹ نے اوپر کی جانب گھنی بھنوؤں کے ساتھ آنکھوں کو گھمایا ۔ "اور ہم بھلے کتنے ہی شفیق لگیں ۔۔ جنگل کا اندھیرا تم انسانوں کو کچھ نا کچھ پریشان کر دیتا ہے ۔ تب تم لوگوں کی پریشانی ہم سے دیکھی نہیں جاتی ۔ مجرمانہ ذہنیت کے انسان ہمارے اسی گھنے سایئوں کا غلط استعمال کرتے ہیں ۔ اور اپنے ہی ہم جنسوں کو نقصان پہنچانے کے منصوبے بناتے رہتے ہیں ۔ ہم یہ سب سنتے اور کڑھتے رہتے ہیں ۔ کیا کبھی ہماری آپس میں چھینا جھپٹی دیکھی ؟ ہم تو کسی کا پھل نہیں چُراتے ۔ نہ کسی سے حسد کرتے ہیں ۔۔۔ ہاں البتہ کوئی غم ذدہ ہو تو ہم اس کے ساتھ غمگین ضرور ہو جاتے ہیں ۔ بلکہ کبھی کبھی تو حساس درخت ، اپنے پیارے کے غم میں موت کو گلے لگا لیتا ہے ،،، تم نے فلسطینی شاعر محمود درویش کا نام تو سنا ہو گا ،، اس نے تم لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ ' کوئی درخت کسی دوسرے کا مذاق نہیں اڑاتا ،
کوئی درخت ایک دوسرے پر حملہ نہیں کرتا ،،،
جب درخت کشتی بن جاتے ہیں تو وہ تیرنا سیکھ جاتے ہیں ،
جب وہ دروازے بن جاتے ہیں تو وہ رازوں کو چھپانے والے بن جاتےہیں ،
جب وہ درخت کرسی بن جاتے ہیں تو وہ اُس آسمان کو نہیں بھولتے جو کبھی ان پر تنّا ہوتا تھا ۔
اور جب درخت میز بن جاتے ہیں ، تو ایک شاعر کو سکھاتے ہیں کبھی لکڑہارا نہیں بننا "
" ہڑپہ ،مونجو داڑو کی قدیم سر زمین سے آنے والے مہمانو !! اب لوٹ جاؤ ۔۔ کہ داخلی دروازہ تمہارا منتظر ہے ،، ہم سب کے خالق نے چاہا تو پھر ملیں گے "
آنے ، جانے والے کے لئے بنے نہایت معمولی سے پھاٹک کو پار کرنے سے پہلے ، ارادی طور پر اس پُراسرار ، قدیم ، اور دلچسپ جنگل پر الوداعی نظر ڈالی ،،، اور یہ دیکھ کر اچھا لگا ، کہ بزرگ جنگل ، سینہ تانے ہمیں الوداعی ہاتھ ہلا رہا تھا ،۔دس ہزار سال کے اس جنگل سے جانے کب ملاقات ہو ، نہ ہو۔

( منیرہ قریشی ، 18 مارچ 2024ء واہ کینٹ ) ( جاری ) ( تصویر 4 ) 

اتوار، 17 مارچ، 2024

"جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ) (3)

"جنگل کچھ کہتے ہیں " ( رپور تاژ) (3)
لفظ ' جنگل ' عجیب سا لفظ ہے ، یہ لفظ سنتے ، یا پڑھتے ہی ذہن میں درختوں کے جھنڈ کا تصور ابھرتا ہے ، جہاں چھتنار درختوں کے اندر ،، پُراسراریت ، خوف ، اور چھُپے رازوں کے دفینے ہو سکتے ہیں ۔ گویا قدرت اپنے اسرار عیاں کرنے کے لئے ویرانوں ، صحراؤں ، اور جنگلوں کو ایک سیڑھی کے طور پر مہیا کرتی ہے ۔ " اٹھو تو سہی ، کھوجو تو سہی ، سوچو تو ذرا ۔ یہ بظاہر بے زبان درخت ،، بے آب و گیا ویرانے ، صحرا میں بکھری ریت کچھ کہہ رہی ہے ،، لیکن کیا ؟؟؟
کبھی کبھی جنگل " گھنّے الفاظ " کی صورت دل و دماغ میں جگہ بنا لیتے ہیں ۔ یہ الفاظ یا تو بلند و بالا درختوں کی مانند ہوتے ہیں ،، یا کبھی چھدّرے درختوں کی طرح ،،، کبھی یہ خیالات خزاں رسیدہ ، پُژمردہ جنگل کی صورت میں ،، اور کبھی پھلوں ، پھُولوں ،، یا خوش رنگ پتّوں سے لَدے ،،، ہاتھ باندھے قطار در قطار خدمت گاروں کی صورت کھڑے نظر آجاتے ہیں ۔ بس یہ اشرف المخلوق کی کیفیت پر منحصر ہے ،، کہ جنگل کا فُسوں کس رنگ کی پچکاری چھوڑ رہا ہے ،،، حضرتِ انسان اس وقت کس دور سے گزر رہا ہے ،، کہ وہ جنگل کے اس رنگ کو کتنی توجہ دے رہا ہے ۔
الفاظ کے جنگل تو خود قدرت خداوندی کی عجب دین ہوتے ہیں ، کہ یہ جنگل " خوش حالی" کے نظاروں کو دکھا رہے ہیں تو ہر دن عید اور ہر شب ، شبِ برات ،،،، گویا جلترنگ لہجوں کی پسِ منظر موسیقی اس جنگل کو منگل بنا دیتی ہے ۔ یہ رنگین جنگل اندر کی قناعت سے ضرور مل جاتا ہے ، بس ذرا خلُوص اور شُکر گزاری کو آنکھوں کی نمی سے چھِڑکاؤ کرنا پڑتا ہے ۔
کبھی کبھار جنگل کا تصور ، تکلیف دِہ الفاظ ، کانٹے دار جھاڑیوں ،،، اور درندوں کی آوازوں کے خوف پر مبنی سفر بن جاتا ہے ، الفاظ کا جنگل ہر شخص اپنے ساتھ ساتھ لے کر چلتا رہتا ہے ۔ لیکن اسے محسوس نہیں ہونے دیتا کہ مَیں ، ہاں میں تمہارے ساتھ تھا ،، اور ہوں !!۔ کبھی یہ جنگل یا صحرا ، چھوٹا اور کبھی دمِ آخر تک ساتھ دیتا رہتا ہے ، لمبا راستہ ، لمبا فاصلہ، لمبی آزمائش،،،،
ایسے لوگ اگر اصل جنگلی حیاتِ و پات و بے زبانوں کے درمیان زندگی گزارنے کا ٹھان لیں تو ان کی روح تھور زدہ زندگی سے نجات پا سکتی ہے ۔ اسی لئے ایسے ہی گُھّنی لوگ جب دوسری دنیا میں منتقل ہوتے ہیں تو ان کی آخری آرام گاہ کی طرف پھیرا ڈالنے والے فوراً محسوس کر لیتے ہیں ،، "کیسا سکون ہے یہاں ، کتنی مدھرتا ہے ،، جیسے وقت رُک گیا ہو ،،، جیسے خاموشی کہہ رہی ہو ،
؎ میَں تھکیا ٹُٹیا ہویا راہئ !!
تُو ککراں دی چھاں نی کُڑیئے
( میں زندگی کے سفر سے تھک کر آیا ہوں ، اے میری ساتھی ، تمہارا وجود اس وقت میرے لئے ککر کی چھاؤں کی طرح ہے )
جنگل تو صاف پیغام دے رہے ہوتے ہیں ،، ہم سے دوستی کر کے تو دیکھو ! کبھی گھاٹے کا سودا نہیں ہو گا ،
قدرت اللہ شہاب صاحب ،کو اپنے لڑکپن میں جس خالصہ سکول امتحان دینے جانا پڑا ،، انھیں یہ راستہ ایک چھوٹا لیکن ویران جنگل پار کر کے جانا پڑتا تھا ،، شروع کے دو چار دن ان کا پرانا بزرگ ملازم چھؤڑنے ، لے جانے کا فریضہ ادا کرتا رہا ، پھر اکیلے آنے جانے لگے ،، یہی دن تھے جب جنگل نے انھیں ،، خوف ، دہشت ، اور اسرار کے جذبوں سے آزاد کرنے کی تربیت دے ڈالی ۔ جس نے بعد کی زندگی میں بارہا ، دہشت اور اسرار سے مُکتی دلا دی ۔انھیں خاص تجربات کے لئے تیار کر دیا ، جرات ایمانی ایسے ہی لوگوں کے لئے ہر اَن دیکھی طاقت کے مقابلے کے لئے " گُرز" بن جاتی ہے ۔ اُسی جنگل نے انھیں سبق پڑھایا ،،
ڈرو مت ، یہ آوازیں درختوں کی سرگوشیاں ہیں ۔۔۔ ہوائیں ان درختوں تک دُور کے جنگلوں کے پیام لے کر آتی ہیں ۔
یہ کھَڑک ،یہ سایہ محض جھاڑیوں میں چُھپی کسی لومڑی ، کسی خرگوش یا کسی رینگتی مخلوق کا ہے ۔ جو تم سے خود ڈر رہی ہے ، شرما رہی ہے ۔
اور یہ جو تم کبھی ساکت و ساکن ماحول سے خوفزدہ ہوجاتے ہو ، کہ اتنی خاموشی کیوں ،،، تو جنگل بھی تو کبھی آرام کے لئے آنکھ چھپکا لیتے ہیں ۔
ایسے ہی جنگلوں نے ایسے نفُوس کو اپنی فراست سے قدرت الہی کے نرالے رُخ دکھا دئیے ، شہاب صاحب کی طرح کے نرالے تجربے سے وہ ملائیشین بزرگ بھی بچپن میں گزرا ، کہ اُسے بھی ایک چند میل کے گھنے جنگل سے گزر کر سکول پہنچنا ہوتا تھا ، اسے دو تین دن مسلسل رہ کر کلاسز لے کر پھر اسی جنگل کو پار کر کے واپس گاؤں پہنچنا پڑتا ، ایک چھوٹے بچے کو جنگل سے گزروانے کے لئے کسی بڑے کا ساتھ میسر نہیں تھا ،، اور سب گھر والے جو بدھ مت کے پیرو کار تھے اس فلسفے کے تحت کتنے شانت تھے کہ " جنگل بے ضرر انسان کی خود حفاظت کرتا ہے ،، اور واقعی جنگل کی ان دیکھی مخلوق نے اس دس بارہ سالہ بچے کو اکثر بھٹکنے سے بچایا ، اسے اپنی چھَٹی حِسّ سے تیزی سے کام لینا سکھایا ، جنگل نے اپنی خاموشی سے ڈرایا نہیں تھا بلکہ طبیعت پر خوف اور ڈر کے گڑھے پنجوں سے اسے آزاد کروا دیا ۔ اور یوں اپنے ہم عمر ساتھیوں کی نسبت اس میں سکون ،فراست ، بُردباری اور بہادری کی صفات بدرجہ اتم موجود تھیں ۔ جنگل بھی کبھی کبھی کیسا دانا استاد کا کردار نبھاتا ہے ۔
اس نے اس ملائیشین جوان ہوتے لڑکے کو مستقل مزاجی سے حالات کا مقابلہ کرنے اور صبر سے نتیجہ آنے کی صلاحتیں پختہ کر کے انسانوں کے رنگین جنگل میں دھکیل دیا ، جاؤ کہ تم وہیں جچتے ہو ،،خوب کماؤ ، کھاؤ اور کھلاؤ ،، لیکن باطن کے صبر اور سکون کو نہ بھُلانا ،۔ ہم نے تمہیں کچھ دینے اور سِکھانے میں بُخل سے کام نہیں لیا ،،، تم بھی انسانوں کے جنگل میں کوئی بُخل نہ دکھانا ۔ اپنی اچھی صلاحیتوں اور محنت سے کمائے مال پر بُخل کا سانپ بن کر نہ بیٹھ جانا ۔ ورنہ باطن کا روشن چہرہ مسخ ہو جائے گا ۔
ہر جنگل بانٹو ،، بانٹو ،، کا نعرہ لگاتا رہتا ہے ،، چاہے یہ محبت کا جذبہ ہے ، یا کچھ سیکھے ہُنر کو بانٹنے کا ،،، چاہے پُر خلوص مشاورت کا ،، چاہے صبر و قناعت اپنانے کا گُر ،،، بانٹتے رہنا کہ کھڑا پانی ، بُو چھوڑ دیتا ہے ۔ اور بہتا پانی میٹھا اور خوشگوار ہوتا ہے ۔ اور یہ بزرگ جھونپڑی سے محل تک پہنچے لیکن بانٹتے چلے گئے ۔۔ اور اپنا قیام جنگل کنارے نہایت چھوٹے سے گھر پر رکھا ، کہ استاد سے دوری گوارا نہ تھی ۔ وہ جان چکا ہے کہ میری تیسری نسل ، میرے استاد کا احترام ، مجھ سے سیکھ گئی تو میری کامیابی کا راز جان لے گی ۔

( منیرہ قریشی ، 17 مارچ 2024ء واہ کینٹ ) ( جاری ) (تصور 3)